بنگلورو، 26/ اگست (ایس او نیوز/ایجنسی)ایک طرف کرناٹک میں بی جےپی کی طرف سے وزیراعلیٰ سدارمیا پر بدعنوانی کا الزام عائد کرکے ان سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا جارہا ہے تو دوسری طرف منڈیا سے کانگریس کے ایم ایل اے روی کمار گوڑا نے بی جے پی پر اس بات کا سنسنی خیز الزام کیا ہے کہ زعفرانی پارٹی ریاستی حکومت کو غیر مستحکم کرنے کیلئے ’’آپریشن لوٹس‘‘ کی کوشش کررہی ہے اوراس کیلئے اراکین اسمبلی کو 100۔ 100کروڑ روپے کی پیشکش کی جارہی ہے۔
روی کمار گوڑا نے البتہ اعتماد کا اظہار کیا کہ حکومت مستحکم ہے اور کوئی بھی ایم ایل اے زعفرانی پارٹی کی جانب سے دیئے جانے والے لالچ میں نہیں آئےگا۔ نامہ نگاروں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے روی کمار نے بتایا کہ’’بی جےپی نے اب قیمت 50 کروڑ سے 100 کروڑ کردی ہے۔‘‘ ان کے مطابق ’’مجھے کسی نے فون کیاتھا، میں نے کہا کہ 100 کروڑ اپنے پاس رکھے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے136 ایم ایل اے چٹان کی طرح مضبوط ہیں۔ اکتوبر میں بھی روی کمار نے الزام لگایاتھا کہ بی جے پی اراکین اسمبلی کو 50 کروڑ نقد اور وزارت کا لالچ دےرہی ہے۔